وزیراعظم آزاد کشمیر کی چیئرمین علی رضا سید سے ملاقات


کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے گزشتہ روز وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے ملاقات کرکے انہیں یورپ میں مسئلہ کشمیر پر جاری کوششوں سے آگاہ کیا ہے۔

اس ملاقات میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے گزشتہ سات دہائیوں کے دوران بے مثال قربانیاں دی ہیں، بھارت تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلوں کو کم نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ خطے میں امن کی خاطر مسئلہ کشمیر حل کروانے کے لیے بھارت پر دباؤ بڑھائے۔

اس کے علاوہ اوورسیز کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کو بے نقاب کریں تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا دیکھ سکے۔ وزیراعظم نے علی رضا سیّد کی تحریک آزادی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر کونسل ای یو کے پلیٹ فارم سے انہوں نے قابل قدر کام کیا ہے۔

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے اس خطے کا امن خطرے کا شکار ہے۔ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

علی رضا سید نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہاہے۔ ان کی تنظیم یورپی یونین کے ممالک میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے   میں سرگرم ہے اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کررہی ہے۔ 

انہوں نے وزیراعظم کو کشمیرکونسل ای یو کی یورپ میں کشمیر پر کارکردگی کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی اور کہا کہ ہم کشمیریوں کے  حقوق کی حمایت میں جدوجہد جاری رکھیں گے۔ 

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ   کشمیر کونسل ای یو کے رہنماؤں سمیت یورپ میں آباد کشمیری تارکین وطن نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے اور اس حوالے سے دنیا کی حمایت حاصل کرنے میں زبردست خدمات سرانجام دی ہیں جنہیں ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔


شاید آپ یہ بھی پسند کریں