وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا وقت ابھی نہیں آیا، شہباز شریف


مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا وقت ابھی نہیں آیا، آنے والے دنوں میں حکومت کو موقع نہیں دیں گے۔

نون لیگ کے صدر شہباز شریف نے ڈی جی خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جتنے وعدے کیے، ان سے بے وفائی کی، ریاست مدینہ کے دعوے کرنے والوں نے اُلٹ کام کیے،خوف آتا ہے، آنے والی حکومت کس طرح تباہ حال معیشت بحال کرے گی۔

شہباز شریف نے کہاکہ مفاہمت کا بادشاہ بار بار جیل تو نہیں جاتا،پارلیمان میں نون لیگ کو پی پی اور اے این پی کاتعاون حاصل ہے۔

انہوں نے کہاکہ 2013 ءسے 2018 ء تک نواز شریف کی قیادت میں جنوبی پنجاب کےمسائل کو حل کرنے کی کوشش کی،جنوبی پنجاب کی ترقی، خوشحالی کیلئے نون لیگ کے دور میں بہت کام کیے گئے۔

شہباز شریف نے کہاکہ ہم نے پینے کا پانی ، صحت اور تعلیم کے شعبے میں جنوبی پنجاب میں بہت کام کیے،جنوبی پنجاب میں اسپتال اور دانش اسکول بنائے گئے،جبکہ تبدیلی سرکار نے تونسہ میں دانش اسکول تک مکمل نہیں کیا۔

نون لیگ کے صدر نے کہاکہ ہمارے دورمیں جنوبی پنجاب کے لیے ملازمتوں میں 33 فیصد کوٹہ تھا،اپنے دورمیں لوگوں کی فلاح وبہبود کے لیے انقلابی اقدامات کیے،اطمینان ہے کہ ہم نے جنوبی پنجاب میں لوگوں کی خدمت کی۔

شہبازشریف نے کہاکہ پیپلز پارٹی کو اتحاد میں دوبارہ شامل کرنے کا فیصلہ پی ڈی ایم ہی کرسکتی ہے، ہمارا پارلیمان میں پیپلزپارٹی اور اے این پی سے رابطہ رہتا ہے اور وہ تعاون کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں ایک دائرے میں رہ کر ہر چیز ممکن ہے۔

حکومت نےاپوزیشن کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، حکومت سمجھ رہی ہے کہ آنے والا وقت اس کے لیے خطرناک ہے،پی ٹی آئی اپنے آپ کو این آر او دینے کے لیے نیب آرڈیننس لائی ہے۔

شہبازشریف کاکہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ وہ مرجائیں گے مگر این آر او نہیں دیں گے، عمران خان نے خود کو اور کابینہ کو این آر او دے دیا ہے۔

نون لیگ کے صدر نے بتایا کہ پارٹی قائد نواز شریف کا لندن میں علاج ہو رہا ہے، صحت مند ہوتے ہی واپس آئیں گے،ان کا آج برطانیہ میں میڈیکل ٹریٹمنٹ ہوگا،وہ پارٹی کے تاحیات قائد ہیں۔

شہباز شریف کاکہنا تھا کہ ہمارے دور میں ٹی ایل پی کے دھرنے میں عمران خان کہتے تھے کہ وہ ان کو سپورٹ کرتے ہیں،ہمارے دورمیں شاہ محمود قریشی ٹی ایل پی کے دھرنوں میں شرکت کرتے تھے،ٹی ایل پی کے دھرنوں میں پی ٹی آئی شرکت کرتی تھی۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت میں ٹی ایل پی نے لانگ مارچ یا دھرنے دیئے توہم نے سپورٹ نہیں کیا،پہلے ہی کہا تھا جو کچھ سڑکوں پر ہورہا ہے وہ افسوسناک ہے، بیٹھ کرحل کرنا چاہیے، ہم نے موجودہ صورت حال کا سیاسی فائدہ نہیں اٹھایا۔

ا س موقع پر صحافیوں کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سے متعلق بلاول بھٹو کے بیان پر پوچھے گئے سوال پر شہباز شریف نے نوکمنٹس کا جواب دیا۔


شاید آپ یہ بھی پسند کریں