کیا کرس گیل نے بھی بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا؟


فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں اپنی اننگز کے اختتام پر کرسٹوفر ہینری گیل المعروف کرس گیل کو ساتھی کھلاڑیوں نے کھڑے ہوکر ڈگ آؤٹ میں خوش آمدید کہا۔ 

ان سے متعلق سوشل میڈیا پر یہ چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ وہ اب ویسٹ انڈیز کے لیے دوبارہ کھیلتے ہوئے نظر نہیں آئیں گے۔ 

کرکٹ ویسٹ انڈیز نے کرس گیل اور ڈیوین براوو کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ تھا کہ دونوں کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ 

واضح رہے کہ ڈیوین براوو نے دو روز قبل سری لنکا کے خلاف میچ کے بعد بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کردیا تھا۔ 

اسی کو دیکھتے ہوئے جب ڈیوین براوو آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے تو تمام کھلاڑیوں نے ان کا کھڑے ہوکر استقبال کیا تھا۔

قبل ازیں جب صرف 15 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہونے والے کرس گیل ڈگ آؤٹ پہنچے تو اس انہوں نے ایک ہاتھ میں اپنا بلا اور ایک ہاتھ میں اپنا ہیلمنٹ اس طرح بلند کیا جیسے کہ انہوں نے بہت کچھ حاصل کرلیا تھا۔

تمام کھلاڑیوں نے بھی ان کا استقبال کیا جبکہ ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کرنے والے ڈیوین براوو نے کرس گیل کو گلے سے لگایا۔ 

فوٹو بشکریہ آئی سی سی/ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ آئی سی سی/ٹوئٹر

خیال رہے کہ کرس گیل نے اب تک اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق کچھ نہیں کہا جبکہ ان سے متعلق یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ آئندہ ورلڈکپ میں بھی بین الاقوامی ٹیم کی نمائندگی کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ 

خودساختہ یونیورس باس نے 79 میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 75 اننگز میں 27.92 کی اوسط سے 1899 رنز بنائے جس میں 2 سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ 

بولنگ کے شعبے کی بات کی جائے تو کرس گیل نے ویسٹ انڈیز کے لیے 29 اننگز میں مجموعی طور پر 19 وکٹیں لیں۔ 



شاید آپ یہ بھی پسند کریں