میری بیٹیوں کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے: شاہد آفریدی



قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر اُن کی بیٹیوں کے اکاؤنٹ کی افواہوں کی تردید کردی ہے۔

شاہد آفریدی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی بیٹی کے نام سے منسوب جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ کی تصویر شیئر کی۔

یہ جعلی اکاؤنٹ شاہد آفریدی کی بیٹی انشا آفریدی کے نام سے بنایا گیا ہے جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ یہ کرکٹر کی بیٹی کا اصل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہے۔

شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں صارفین کو واضح کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں واضح کرنا چاہوں گا کہ میری بیٹیوں میں سے کسی کا بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں ہے۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’براہِ کرم! میری بیٹیوں سے متعلق کسی بھی ’اکاؤنٹس‘ یا ’خبروں‘ کو نظر انداز کریں۔‘

واضح رہے کہ شاہد آفریدی 5 بیٹیوں کے باپ ہیں۔ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی عروہ گزشتہ سال فروری میں پیدا ہوئی تھی۔

شاہد آفریدی اکثر سوشل میڈیا پر اپنی بیٹیوں کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں جبکہ ماضی میں کئی بار آفریدی کی بیٹیاں والد کو کرکٹ گراؤنڈ میں سپورٹ کرنے بھی جا چکی ہیں۔



شاید آپ یہ بھی پسند کریں