بالی ووڈ اداکاروں کا یوسف حسین کے انتقال پر اظہارِ افسوس



بالی ووڈ اداکاروں نےگزشتہ روز کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کرنے والے سینئر بھارتی اداکار یوسف حسین کے لیے سوشل میڈیا پر جذباتی پیغامات شیئر کیے ہیں۔

اداکار یوسف حسین کے انتقال کی خبر ملنے کے بعد کئی نامور بالی ووڈ اداکاروں نے مائیکرو بالا گنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اداکار ابھیشیک بچن نے اپنے ٹوئٹ میں یوسف حسین کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ ہم نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، ہماری مشترکہ پہلی فلم  ’کچھ نہ کہو‘ تھی جبکہ آخری ’بوب بسواس‘ تھی۔

انہوں نے یوسف حسین کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ وہ نرم مزاج ، مہربان اور گرم جوشی سے بھرپور انسان تھے ۔

فلم ساز اور اداکار فرحان اختر نے یوسف حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’ یوسف حسین صاحب کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا ۔‘

انہوں نے یوسف حسین کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ فلم’ دل چاہتا ہے‘ میں ان کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوئی۔

فرحان اختر نے یوسف حسین کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔

بھارتی اداکار منوج باجپائی نے بھی یوسف حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یوسف حسین کی بیٹی صفینہ، داماد ہنسل مہتا اور خاندان کے دیگر افراد سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم اداکار کے لیے مغفرت کی دعا بھی کی۔

فلم ساز سنجے گپتا نے یوسف حسین کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ ’یوسف صاحب آپ کو ہمیشہ یاد رہے گا۔ ملّولی آپ کی موجودگی کے بغیر کبھی پہلےجیسا نہیں ہوگا۔ ‘

واضح رہے کہ بھارتی فلم نگری کے تجربہ کار اداکار یوسف حسین گذشتہ روز کورونا کے باعث 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

انہوں نے ویواہ ، دھوم ٹو، دل چاہتا ہے، رئیس اور دیگر نامور بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

یوسف حسین کے داماد اور فلم ساز ہنسل مہتا نے ایک دلخراش پوسٹ میں یوسف حسین کے انتقال کی خبر دی، اور کہا کہ ان کے بغیر زندگی کبھی بھی پہلے جیسی نہیں رہے گی، وہ میری پریشانیوں میں ہمیشہ فرشتہ بن کر آتے تھے اور وہ ہمیشہ ان کے احسانات کے مقروض رہیں گے۔

ہنسل مہتا کے اس ٹوئٹ پر بالی ووڈ شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات شیئر کیے جارہے ہیں۔



شاید آپ یہ بھی پسند کریں