اسپیکر بلوچستان اسمبلی: میر جان محمد جمالی کے کاغذاتِ نامزدگی جمع



بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کی جانب سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے عہدے کے لیے نامزد کیئے گئے میر جان محمد جمالی کے کاغذاتِ نامزدگی بلوچستان اسمبلی میں جمع ہو گئے۔

بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے رہنما طارق مگسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میرے خیال میں اسپیکر اسمبلی کے لیے امیدوار جان محمد جمالی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ باہمی اتفاقِ رائے سے سسٹم چلے، کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے میری نو منتخب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے بات چیت ہوئی ہے۔

طارق مگسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے بعد کابینہ کی تشکیل بھی جلد ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ نئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے انتخاب کے لیے گورنر بلوچستان نے اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔

اسپیکر کے عہدے کیلئے کاغذاتِ نامزدگی آج صبح ساڑھے 8 سے دوپہر 12 بجے تک جمع ہوں گے جبکہ عہدے کے لے خفیہ رائے شماری سہ پہر 3 بجے ہو گی۔

بلوچستان عوامی پارٹی نے میر جان محمد جمالی کو اسپیکر کے عہدے کے لئے نامزد کیا ہے۔

قبل ازیں عبدالقدوس بزنجو نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان منتخب ہونے کے بعد عہدے کا حلف اٹھا لیا، انہیں 65 کے ایوان میں 39 ووٹ ملے تھے۔



شاید آپ یہ بھی پسند کریں