شعیب ملک کا شاہد آفریدی کو سیلوٹ



پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کی افغانستان کے خلاف فتح کے بعد سابق کپتان شاہد آفریدی کو سیلوٹ کرنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والا میچ شاہد آفریدی نے اپنی فیملی کے ہمراہ دیکھا۔

ایسے میں شعیب ملک جب پویلین کی طرف آئے تو ان کا سامنا شاہد آفریدی سے ہوا، جس پر انہوں نے فوراً ہی آفریدی کو سیلوٹ کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

ورلڈ کپ ٹی 20 کے گروپ 2 میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنلسٹ کی فہرست میں اپنی جگہ مضبوط کرلی ہے۔

افغان ٹیم کا 148 رنز کا ہدف گرین شرٹس نے 5 وکٹ پر ایک اوور قبل ہی حاصل کرلیا، آصف علی نے19ویں اوور میں 4 چھکے لگاکر میچ جتوادیا، انہیں 7 گیندوں پر برق رفتار 25 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی پہلی وکٹ 12 کے اسکور پر گر گئی، محمد رضوان 8 رنز بناکر اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے، ان کی وکٹ مجیب الرحمان کے حصے میں آئی۔

دوسری وکٹ پر کپتان بابراعظم اور فخر زمان نے اسکور میں 63 رنز کا اضافہ کیا، 75 کے اسکور پر فخر زمان محمد نبی کا شکار بن گئے، انہوں نے 25 گیندوں پر 30 رنز بنائے اور میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کردی۔

تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ 15ویں اوور کی پہلی گیند پر صرف 10 رنز بناکر ٹی 20 کرکٹ میں راشد خان کا 100واں شکار بن گئے، اس موقع پر پاکستان کا اسکور 3 وکٹ پر 97 رنز تھا۔

17ویں اوور کی آخری گیند پر گرین شرٹس کے کپتان بابراعظم 51 رنز کی شاندار باری کھیل کر آوٹ ہوئے تو قومی ٹیم کے 122 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، ان کی وکٹ بھی راشد خان کے حصے میں آئی۔

پاکستان کی 5ویں وکٹ 124 کے اسکور پر سینئر ترین بیٹسمین شعیب ملک کی گری تو ٹیم کو 13 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے اور میچ گرین شرٹس کے ہاتھ سے پھسلتا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔

ایسے میں شاداب خان نے 18ویں اوور کی آخری گیند پر رن لینے کی کوشش کی تاہم آصف علی نے انہیں روک دیا، اگلے اوور میں آصف علی نے 6 گیندوں پر افغان بولر کریم جنت کو 4 بلند و بالا چھکے جڑ دیے اور پاکستان کو میچ ایک اوور پہلے ہی جتوادیا۔

اس سے قبل ورلڈ کپ ٹی20 کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا۔



شاید آپ یہ بھی پسند کریں