آریان خان کا دوست ارباز مرچنٹ بھی جیل سے رہا



ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی رہائی کے بعد اُن کے دوست ارباز مرچنٹ کو بھی جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان کے دوست ارباز مرچنٹ، جنہیں 3 اکتوبر کو این سی بی نے منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا، اُنہیں بھی گزشتہ روز ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے رہا کردیا گیا ہے جس کی تصدیق بھارتی نیوز ایجنسی کی جانب سے کی گئی ہے۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو دو روز قبل 30 اکتوبر کو جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا جبکہ اُن کے دوست ارباز مرچنٹ گزشتہ روز جیل سے رہا ہوئے ہیں۔

ممبئی ہائی کورٹ نے اپنے تفصیلی حکم میں آریان اور ارباز مرچنٹ سے کہا تھا کہ وہ ہر جمعے کو صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان این سی بی کے ممبئی دفتر آئیں گے۔

اس سے قبل ارباز مرچنٹ کے والد اسلم مرچنٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میری اہلیہ بیٹے کی گھر واپسی کے لیے منٹ گِن رہی ہے، وہ شدید صدمے میں ہے۔‘

واضح رہے کہ ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو دو روز قبل ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا، منّت پہنچنے پر شاہ رخ خان کے مداحوں نے ڈھول کی تھاپ میں آریان خان کا استقبال کیا۔

گزشتہ ماہ 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا تھا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا تھا۔



شاید آپ یہ بھی پسند کریں