آریان کی گھر واپسی، مداحوں کا ڈھول کی تھاپ پر رقص



منشیات کیس میں گرفتار آریان خان کی گھر واپسی پر ان کے والد سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مداح جھوم اٹھے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔ 

خیال رہے کہ بمبئی ہائی کورٹ نے 3 اکتوبر سے منشیات برآمدگی کیس میں زیرِ حراست آریان خان کی ضمانت 28 اکتوبر کو منظور کی تھی۔ ان کے ساتھ دیگر ملزمان ارباز مرچنٹ اور مونمون دھامیچا کو بھی ضمانت مل گئی تھی۔ 

انہیں ایک روز بعد عدالتی فیصلہ جاری ہونے کے بعد جیل سے رہا کیا گیا تھا، جبکہ ضمانت منظور ہونے کے بعد سے ہی شاہ رخ خان کے گھر ’منت‘ کے باہر ان کے مداحوں نے جشن منایا۔ 

تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آریان خان جب گھر پہنچے تو ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے مداحوں نے ان کا استقبال کیا تھا۔ 

شاہ رخ خان کے چاہنے والے ان کے گھر کے باہر بڑی تعداد میں جمع تھے، جنہوں نے آریان خان کو ’شہزادہ‘ پکارتے ہوئے گھر واپس آنے کی مبارکباد دی۔ 

آریان خان کی گاڑی کے آگے مداح رقص کرتے رہے، تاہم وہ آریان کی جھلک نہیں دیکھ سکے کیونکہ گاڑی سیدھی گھر میں داخل ہوگئی۔ 

خیال رہے کہ بھارت کے انسداد دہشت گردی کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی میں ساحل کے قریب کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپا مارکر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور ان کے دوست ارباز مرچنٹ کو گرفتار کرلیا تھا۔

این سی بی کی جانب سے ان پر منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، جسے پہلے آریان نے مسترد کیا جبکہ بعد میں اس سے متعلق اعتراف بھی کرلیا تھا۔

مذکورہ کیس میں آریان خان نے مجسٹریٹ کی عدالت اور پھر این ڈی پی ایس کی عدالت میں درخواست ضمانت جمع کروائیں اور ان کی یہ دونوں درخواستیں مسترد ہوگئیں جس کے بعد ان کے اہلِ خانہ نے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

بمبئی ہائی کورٹ نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزمان کی رہائی کا حکم دیا جبکہ عدالت نے ملزمان کو اپنا پاس پورٹ جمع کروانے کا بھی حکم دیا۔



شاید آپ یہ بھی پسند کریں