دیپیکا اور رنویر IPL کی ٹیم خریدنے والے ہیں؟



بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ انڈین پریمئر لیگ کے 2022 کے ایڈیشن کے لیے ٹیم خریدنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے 2022 میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی دو نئی ٹیموں کے شامل ہونے کی تصدیق کی ہے اور مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ کہا جارہا ہے کہ ان دو نئی ٹیموں میں سے ایک ٹیم کے مالک دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ ہوں گے۔

انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) اور بالی ووڈ کا دیرینہ رشتہ ہے، شاہ رخ خان اور جوہی چاولہ مشہور ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز ٹیم کے مالک ہیں جبکہ راج کندرا اور شلپا شیٹی نے ابتدائی طور پر راجستھان رائلز میں سرمایہ کاری کی تھی اور پریتی زنٹا پنجاب کنگز کی شریک مالک ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی اگلی فلم بھی کرکٹ سے متعلق موضوع پر ہی ہے۔ 

کبیر خان کی ہدایت کردہ ’83 ‘ میں رنویر کپل دیو کا کردار ادا کریں گے جبکہ دیپیکا پڈوکون اُن کی اہلیہ کے کردار میں نظر آئیں گی اور یہ فلم رواں سال کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

رنویر اور دیپیکا کے علاوہ ’83‘ میں پنکج ترپاٹھی، ایمی ورک، ہارڈی سندھو، ثاقب سلیم، بومن ایرانی سمیت کئی دیگر اداکار شامل ہیں۔



شاید آپ یہ بھی پسند کریں