سدھارتھ اور شہناز کے آخری گانے کی پہلی جھلک جاری



دل کا دورہ پڑنے سے اچانک دنیا چھوڑ دینے والے بھارتی اداکار سدھارتھ شُکلا اور اُن کی قریبی ساتھی شہناز گِل کے آخری گانے کی پہلی جھلک منظرِ عام پر آگئی ہے۔

سدھارتھ شکلا اور شہناز گِل کے آخری گانے کی گلوکارہ شریا گھوشال نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سدناز کے گانے کا پوسٹر شیئر کیا ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے پوسٹر پر سدھارتھ شکلا اور شہناز گِل کی تصویر آویزاں ہے اور پوسٹر میں بتایا گیا کہ سدناز کا یہ گانا رواں ماہ 21 اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

شریا گھوشال نے پوسٹر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’سدھارتھ ایک ستارہ تھا اور ہمیشہ رہے گا، اس کے لیے لاکھوں دلوں کی محبت ہمیشہ روشن رہے گی۔‘

بھارتی گلوکارہ نے لکھا کہ ’سدناز کا پیار ادھورا ہونے کے باوجود بھی پورا رہے گا۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’سدناز کا یہ آخری گانا، ہر مداح کی خواہش تھی اور یہ ہمیشہ ہمیں یاد رہے گا۔‘

واضح رہے کہ اس گانے کو ’آرکو‘ نے لکھا ہے اور شریا گھوشال نے گایا ہے۔

گزشتہ ماہ 2 ستمبر کو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا دُنیا سے رخصت ہوگئے تھے جس کے بعد سے اُن کی گرل فرینڈ شہناز گِل شدید صدمے میں تھیں۔



شاید آپ یہ بھی پسند کریں