مہنگائی کے مارے عوام پر پیٹرول کے بعد ایک اور بم گرانے کی تیاری


مہنگائی کے ستائے عوام کو 39 ارب روپے سے زیادہ کا ایک اور بڑا جھٹکا لگنے کو تیار ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق ستمبر کی فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی ڈھائی روپے مہنگی ہوگی،  اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا ۔

سینٹرل پاور  پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت  فی یونٹ بجلی دو روپے 65 پیسے مہنگی کرنےکی درخواست کر رکھی تھی۔

درخواست کی سماعت مکمل کرتے ہوئے چیئر مین نیپرا نے بتایا کہ ستمبر کی فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کے ذریعے فی یونٹ بجلی 2 روپے 51 پیسے مہنگی ہوگی، یہ اضافہ صرف ایک مہینےکے لیے ہوگا۔

 چیئر مین نیپرا کے مطابق  اس حوالے سے حتمی فیصلہ بعد میں جاری ہوگا۔

دوسری جانب پاور ڈویژن کے اداروں نے بتایا ہےکہ  ایل این جی اور ڈالرکی قیمت میں اضافے کے باعث بجلی مہنگی ہورہی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں